تعلیم کا مقابلہ کوئی طاقت نہیں کر سکتی، شہریار آفریدی

وزیر مملکت برائے سفیران اینڈ نارکاٹکس کنٹرول شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں دو کروڑ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے۔ تعلیم کا مقابلہ کوئی طاقت نہیں کر سکتی ہم تعلیم یافتہ ہوں گے تو دنیا ہمارے جانوروں کی بھی عزت کرے گی۔

تعلیم یافتہ ہونے کے بعد کوئی ہمیں ڈومور نہیں کہہ سکے گا۔حکومت تعلیم پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ بچے تعلیم کے حصول پر زیادہ زور لگائیں۔ وہ گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ میں 24ویں یوم والدین کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے

انہوں نے فروغ تعلیم کی کوشش اور کیڈٹس کی ہمہ پہلو تربیت اور بہترین کردار سازی کرنے پر کالج انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اورطلبہ کونصیحت کی کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں حصول علم کے لئے وقف کرکے ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں

۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز جی او سی نائن ڈویژن کوہاٹ میجر جنرل اسد نواز خان‘ کالج پرنسپل بریگیڈئر ندیم اختر حسین‘ کیڈٹس کے والدین اور عزیز واقارب کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مہمان خصوصی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اوربعدمیں سلامی لی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی شہریار آفریدی نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے بھی اسی کالج سے تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر آیا جبکہ سہولیات اس وقت اتنی نہیں تھی آج کے طلبہ زیادہ خوش قسمت ہیں کہ سہولیات سے آراستہ اس ادارے کی تعلیم سے وہ مستفید ہورہے ہیں ایسے موقعہ پر ہمیں ان ڈھائی کروڑ بچوں کا بھی سوچنا ہوگا جو سکولوں سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاکؐ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ہمیں آپؐ کی تقلید کرنی ہوگی اورمسلمانوں کو متحدہوکر موجودہ مسائل کے گرداب سے اپنے آپکو نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور سے استفادہ کئے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہماری مٹی نہایت زرخیز ہے مگر اسکے لئے محنت شرط ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ 5th جنریشن وار کے نام پر دنیا ہمیں مس گائیڈ کر رہی ہے مذہب مسلک کے نام پر مسلمانوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔حق پر کھڑے ہونے سے مختلف رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں اتفاق و اتحاد سب سے اہم چیز ہے ایک ہونا پڑے گا تب دنیا عزت دے گی دنیا میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ویسٹ اچیومنٹ حاصل کر رہا ہے اپنے دماغ سے ایمپوسیبل کا لفظ ہٹانا ہو گااپنے بچوں کو حرام سے بچانا ہو گابطور مسلمان حرام کے لقمے سے بھی محفوظ رہنا ہو گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے دشمن ہمیں تقسیم کرنے کے درپے ہیں مگر اس کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ شہریار آفریدی نے کالج ہذا کے سائنس بلاک کی تعمیر کے لئے دو کروڑ اور بطور گرانٹ ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا قبل ازیں کالج پرنسپل بریگیڈئر ندیم اختر حسین نے کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

انہوں نے کہا کہ گیریژن کیڈٹ کالج کوھاٹ کاشمار مایہ ناز کالجوں میں ہوتا ہے جس نے پارک آرمی کے 9 ڈویژن کے زیرا نتظام قلیل مدت میں بے شمار کامیابیاں حاصل کیں اور ترقی کی نئی منازل طے کرتاجارہاہے۔

اس موقع پر پی ٹی شو بھی پیش کیاگیا بعدازاں مہمان خصوصی نے نصابی‘ہم نصابی اورغیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس اور ہاؤسز میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور سائنس بلاک کا معائنہ بھی کیا۔ کیڈٹ آفاق احمد سال کے بہترین کھلاڑی‘کیڈٹ شاہ زیب خان اورمحمد شہیر نے تعلیم میں بہترین کارکردگی کی ٹرافیاں وصول کیں کیڈٹ علی حمزہ سال کے بہترین کیڈٹ قرار پائے چیمپن ہاؤس ٹرافی غزالی ہاؤس کے حصے میں آئی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.