کوہاٹ: یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا گیا

کوہاٹ:

گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی کوہاٹ میں 4 اگست کو یوم شہدائے پولیس کے طور پر منانے کیلئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا.

شہداء کی ایصال ثواب کیلئے دن کا آغاز نماز فجر کے بعد قرآن خوانی سے کیا گیا اور پولیس ہیڈ کوارٹر و پولیس لائنز کے مساجد میں ختم القرآن کا اہتمام کیا گیا.

4 اگست کی علی الصبح سورج کے طلوع ہونے کیساتھ ہی شہداء کی یاد میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کی تصویروں پر مبنی پورٹریٹ اور قومی پرچموں سے آراستہ پولیس موبائل گاڑیوں اور موٹر سائیکل رائیڈز کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ ٹریفک وارڈنز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی ریلی میں شریک رہیں.

شہدائے پولیس کی یاد میں نکالی گئی ریلی بنوں پھاٹک سے شروع ہوئی اور بنوں روڈ و ہنگو روڈ سے گزرتی ہوئی سٹی پھاٹک پر پہنچنے کے بعد واپسی پر کچہری چوک میں قائم شہداء کیمپ پر اختتام پزیر ہوئی.

ریلی میں شریک تمام پولیس افسران اور جوانوں نے شہدائے پولیس کے اس مرکزی کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے شہداء کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی.

بعد ازاں ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ اور ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے پولیس لائنز میں یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پولیس کے چاق وچوبند دستے کے ہمراہ سلامی پیش کرتے ہوئے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے.

یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے شہید ڈی آئی جی ملک محمد سعد خان کے مقبرے پر بھی حاضری دیتے ہوئے شہید کی قبر پر سلامی دی پھول چڑھائے اور شہید کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ادھر شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پولیس کلب کوہاٹ میں پروقار مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا.

اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ تھے جبکہ ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود اور دیگر پولیس افسران و اہلکار بھی کثیر تعداد میں تقریب میں شریک ہوئے.

یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے منعقدہ اس مرکزی تقریب میں شہداء کے بچوں اور لواحقین کو خصوصی طر پر مدعو کیاگیا تھا.

تقریب کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید اور غازی پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور شجاعت و بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس دوران شہداء کے بچوں کے مابین (شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے) کے موضوع پر تقریری مقابلے منعقد کئے گئے جسمیں پہلی دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں نقد انعامات اور اعزازی ٹرافیاں تقسیم کی گئیں.

تقریب کے دوران شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی گئی اور ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نزرانے پیش کرنیوالے پولیس شہداء کے خاندانوں کی مکمل کفالت اور انکے بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے بھر پور اقدامات اٹھانے کا عزم دہرایا گیا اور ڈی آئی جی کوہاٹ و ڈی پی او کوہاٹ نے شہداء کے لواحقین میں تحائف تقسیم کئے.

یوم شہدائے پولیس کا کی مرکزی تقریب شہداء کی بلندی درجات اور قومی سلامتی کی اجتماعی دعا پر اختتام پزیر ہوا اور شرکائے تقریب کی ظہرانے سے تواضع کی گئی.

ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ اور ڈی پی او کیپٹن(ر) واحد محمود نے بھی شہداء کیمپ کے دورے کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور کیمپ میں رکھے گئے خصوصی رجسٹر میں اپنے تاثرات قلمبند کئے.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.