کوہاٹ: اورکزئی پولیس کا سب انسپکٹر قتل، دو بھائی زخمی

کوہاٹ:

ضلع اورکزئی کے پولیس سب انسپکٹر کو کوہاٹ میں رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قتل کر دیا گیا، فائرنگ کے واقعے میں مقتول کے دو بھائی زخمی بھی ہوئے۔

قبائلی ضلع اورکزئی کے ڈی پی او صلاح الدین کنڈی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقتول سب انسپکٹر امان اللہ اورکزئی میں بطور ٹریفک انچارج تعینات تھا جو کہ جمعے کے روز یوم شہداء کی تقریب میں ڈیوٹی سرانجام دینے کے بعد اپنے گھر کوہاٹ کے علاقہ باقی زئی گئے ہوئے تھے جنہیں آمدہ اطلاعات کے مطابق سابقہ دشمنی کے نتیجے میں جمعہ کے روز رات آٹھ بجے کے قریب قتل کر دیا گیا۔

صلاح الدین کنڈی نے مزید بتایا کہ مقتول کے خاندان کو شہید پیکج کے تحت تمام تر مراعات دی جائیں گی اور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

دوسری جانب کوہاٹ پولیس اپنے ہی پیٹی بندھ کے قتل پر خاموش رہی اور کئی گھنٹوں تک میڈیا کو تفصیلات بتانے سے گریز کرتی رہی اور اطلاعات کے مطابق کوہاٹ پولیس کا کوئی بھی افسر مقتول کے خاندان والوں سے داد رسی کے لئے نہ جا سکا۔

تاہم جب ہفتے کے روز کوہاٹ پولیس کے ترجمان فضل نعیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ واقعے میں مقتول کے دو بھائی بختیار اور وحیداللہ زخمی بھی ہوئے ہیں پولیس نے سات ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.